اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، یمنی ذرائع نے آج ہفتے کے روز بتایا کہ سعودی عرب نے یمن کے مختلف علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور گیس کی ترسیل و تقسیم کے مراکز پر فضائی حملے کیے ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کے نمائندے کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ تعز کے شہر المخا کے بجلی گھر کو پانچویں مرتبہ نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت فائر بریگیڈ کا عملہ وہاں امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ اِب کے علاقے مثلث السحول میں گیس لے جانے والے ٹینکروں پر بھی سعودی طیاروں نے حملہ کیا۔ اسی طرح صوبہ صنعاء کے ضلع بنی مطر کے گاؤں بیت الشعبی میں واقع گیس اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے گزشتہ شب بتایا کہ سعودی جنگی طیاروں اور فوجی دستوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صنعاء سمیت یمن کے 10 صوبوں پر 104 فضائی اور میزائل حملے کیے ہیں۔
ان کے مطابق ان حملوں میں الجوف، تعز، عمران، حجہ، صعدہ، حدیدہ، لحج، بیضاء اور ضالع کے صوبے بھی شامل تھے، جبکہ ان حملوں میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے تھے۔
یحییٰ سریع نے مزید دعویٰ کیا کہ حالیہ حملوں کو شامل کرنے کے بعد کشیدگی کے نئے مرحلے کے آغاز سے اب تک یمن پر سعودی عرب کے فضائی اور میزائل حملوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 38 ہو چکی ہے۔
آپ کا تبصرہ